مالیگاؤں پولس کے مطابق 5 مارچ کو رونق آباد چوک محوی نگر مین روڈ پر آصف شیخ کی جانب سے جلسہ عام منعقد کیا گیا جبکہ اس جلسہ کے لیے پولیس سے اجازت طلب کی گئی تاہم پولیس نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضابطہ اخلاق کے تحت جلسہ کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔
پولیس کی اجازت کے بغیر آصف شیخ نے اجلاس منعقد کیا اور قانون کی خلاف ورزی کی جس کے بعد پوار واڑی پولیس اسٹیشن میں متعدد دفعات کے تحت آصف شیخ،فرید قریشی، رفیق بھوریا، ریاض علی راکیل والا، محمود شاہ اور اقبال بوس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور اس معاملے کی تحقیقات پولیس حوالدار مورے کررہے ہیں۔
جاری کردہ پریس نوٹ میں مالیگاؤں پولیس انتظامیہ نے عوام کے ساتھ ساتھ سیاسی، سماجی و مذہبی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے سبب احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جلسہ، جلوس اور دھرنا وغیرہ پولیس کی اجازت کے بغیر نہ کریں۔ اس کے علاوہ شادی بیاہ و دیگر تقاریب کے انعقاد میں بھی احتیاط برتے، ماسک لگائیں اور سماجی دوری برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی۔