مہاراشٹر میں بی جے پی کی زیرقیادت حکومت کی تشکیل پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما جینت پاٹل نے کہا کہ جو حکومت اندھیرے میں تشکیل دی گئی تھی وہ اندھیرے میں ختم ہوجائے گی۔
جینت پاٹل نے کہا کہ صرف وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلی اجیت پوار حکومت میں موجود ہیں ، اور وہی ایک دوسرے سے میٹنگ کررہے ہیں۔وہ سبھی محکموں کو آپس میں تقسیم کرلیں گے۔
جنیت پاٹل، چھگن بھجبل اور شیوسینا کے ایکناتھ شندے سمیت کئی سینیئر رہنماؤں نے حیات ہوٹل میں این سی پی اراکین اسمبلی سے ملاقات کیں۔
ایکناتھ شندے نے کہا کہ ہم ریاست میں ایک مضبوط اور مستحکم حکومت بنائیں گے۔ این سی پی کے سربراہ شرد پوار اور شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے نے اراکین اسمبلی سے بات کی ہے۔ انہوں نے انہیں بتایا کہ شیوسینا ، این سی پی اور کانگریس میں اکثریت ہے اور جلد ہی حکومت تشکیل دی جائے گی جو لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے گی۔
بی جے پی-این سی پی اتحاد کے بارے میں اجیت پوار کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے بھجبل نے کہا کہ وہ ریاست میں حکومت سازی کے بارے میں لوگوں میں غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بھجبل نے کہا کہ اجیت پوار نے لوگوں میں غلط تاثر پیدا کرنے کے لیے ٹویٹ کیا تھا ، لہذا پارٹی کی پوزیشن کو صاف اور واضح کرنے کے لیے شرد پوار نے ٹوئٹ کیا۔
واضح رہے کہ 23 نومبر کو صبح آٹھ بجے دیویندر فڑنویس نے بطور وزیر اعلی حلف لیا تھا جب کہ این سی سی کے سینیئر رہنما اجیت پوار نے نائب وزیر اعلی کا حلف لیا تھا۔ جس کے بعد شیوسینا این سی پی نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس کی آج ساڑھے دس بجے سماعت ہوگی۔