ستارہ: مہاراشٹرا کے ستارہ ضلع کے کراڈ میں ریاست کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس کے سینئر لیڈر پرتھوی راج چوہان کی رہائش گاہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس نے مبینہ طور پر دھمکی آمیز ای میل بھیجی تھی۔ مہاتما گاندھی پر شری شیو پرتسٹھان کے بانی سمبھاجی بھیڈے کے متنازعہ بیان پر ریاستی اسمبلی میں سوال اٹھانے اور مسٹر بھیڈے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرنے پر انہیں دھمکیاں ملی ہیں۔
چوہان کو مراٹھواڑہ علاقے کے ناندیڑ ضلع کے ایک پتے سے ایک ای میل موصول ہوا، جس میں انہیں ریاستی اسمبلی میں مسٹر بھیڈے کا مسئلہ اٹھانے اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے پر دھمکی دی گئی۔ چوہان نے کراڈ پولیس کو دھمکی بھرے ای میل کی اطلاع دی، جس نے اپنے کراڈ کی رہائش گاہ پر بھاری پولیس فورس تعینات کی اور کانگریس کے سینئر لیڈر کو دھمکی ای میل بھیجنے کے لیے ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
یہ بھی پڑھیں: NIA arrests Pune doctor ڈاکٹر عدنان سرکار کو 11 دنوں تک این آئی اے کی حراست میں بھیجا گیا
کراڈ پولیس نے اپنے ناندیڑ ہم منصبوں کو بھی مطلع کر دیا ہے اور وہاں کی پولیس نے بھی اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ مسٹر بھیڈے نے دو دن قبل امراوتی ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا تھا کہ ’’مہاتما گاندھی کے والد کرم چند گاندھی نہیں ہیں، ان کے حقیقی والد ایک مسلم زمیندار تھے‘‘۔ ریاستی اسمبلی میں معاملہ اٹھاتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا تھا کہ بابائے قوم کے خلاف مسٹر بھیڈے کے تضحیک آمیز تبصرے سے سماج میں نفرت پھیل سکتی ہے اور ان کی (مسٹر بھیڈے) کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔
یواین آئی