ریاست مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے حاجیوں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، حج کے لیے جانے والے 160 حجاج کرام کے پہلے قافلے کی فلائٹ مدینہ سے چار گھنٹے کی تاخیر سے وطن واپس آئی، جس میں 159 حاجی سوار تھے۔ جبکہ ایک خاتون کی ہارٹ اٹیک سے موت ہوگئی تھی۔
حج کی ادائیگی سے سرشار حاجیوں نے وطن واپسی کے بعد میڈیا سے ناقص انتظامات اور مہینوں پہلے اسٹور کیے گئے کھانے شکایت کی۔
حج کے لیے اورنگ آباد سے روانہ ہونے والے حجاج کرام کو اس برس متعدد دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، اتنا ہی نہیں بلکہ ٹیکہ لگانے میں تاخیر ہوئی، عازمین کو قیام کے دوران بھی کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
حاجیوں نے واپسی کے بعد جو روداد بیان کی وہ مہاراشٹرا ریاستی حج کمیٹی اور مرکزی حج کمیٹی کے دعوؤں کی نفی کرتا ہے، جبکہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے رکن اعجاز دیشمکھ نے حاجیوں کو پیش دشواریوں کا اعتراف کیا، اور یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں ان خامیوں کو دور کرلیا جائے گا۔