اسمبلی انتخابات کے بعد پہلی بار وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس بی جے پی کے صدر و وزیر داخلہ امت شاہ سے آج دہلی میں ملاقات کریں گے۔
آج ہی نشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کریں گے۔
حکومت سازی کے لیے بی جے پی ۔ شیوسینا کے درمیان رشہ کشی اور غیر موسمی بارش کے سبب فصلوں کو نقصانات ہونے کی وجہ سے حکومت سازی پر تعطل برقرار ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 24 اکتوبر کو کیا گیا تھا جس میں بی جے پی کو 105 نشستوں پر کامیابی ملی تھی جبکہ شیوسینا نے 56 سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔
دونوں پارٹیوں نے مل کر الیکشن لڑا تھا لیکن وزیراعلی کے عہدے کے لیے دونوں پارٹیوں میں رسہ کشی جاری ہے۔ شیوسینا نے یکساں میعاد کے لیے وزیراعلیٰ کا عہدہ دینے کی پیش کش کی ہے جسے بی جے پی نے تسلیم نہیں کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امت شاہ سے ملاقات میں ریاست بھر میں غیر موسمی بارش سے متاثرہ کاشتکاروں کو قومی ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ (این ڈی آر ایف) سے امداد مہیا کرانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ ریاستی حکومت نے متاثرہ کسانوں کے لیے 10،000 کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
اتحادی شیو سینا کے ساتھ ہی حزب اختلاف کانگریس اور این سی پی نے کئی لاکھ ہیکٹر فصلوں کو جو نقصان پہنچا ہے، اس پر غور کرتے ہوئے اسے ناکافی قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کی میعاد 9 نومبر کو ختم ہوگی۔