تمام مذاہب کے بارے میں سمجھنے کے لیے ان کی کتابوں کا مطالعہ ضروری ہے۔ ہم دوسرے مذاہب کو اسی وقت سمجھ سکتے ہیں جب ہماری مادری زبان میں دیگر مذاہب کی کتابیں موجود ہوں۔ اسی کمی کو پورا کرنے کے لیے اورنگ آباد میں ایک انوکھا تجربہ کیا جارہا ہے۔
معروف کُتب فروش مرزا عبدالقیوم اور صنعتکار گریش مگرے نے باہمی اشتراک سے تعلیمی اداروں میں مفت میں مذہبی کتب تقسیم کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت مراٹھی تعلیمی اداروں میں قران کریم اور سیرت نبویﷺ کتابیں اور اردو تعلیمی اداروں میں بھگوت گیتا، مہا بھارت، رامائن اور شیو پُران کے اردو ترجمے مفت میں تقسیم کیے جائیں گے۔
ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کی پہل سے اب تک کتابوں کے 35 سیٹ تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ مرزا عبدالقیوم کا کہنا ہے کہ بھگوت گیتا اور رامائن کے اردو ترجموں کو کافی پسند کیا جارہا ہے اور ان مذہبی کتابوں کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے۔