شہر مالیگاؤں میں گزشتہ ایک ماہ میں درجنوں موٹرسائیکل چوری Dozens of Motorcycle Stolen ہونے سے عوام میں تشویش پائی جارہی ہے۔ اس تعلق سے رکن اسمبلی مفتی اسماعیل قاسمی نے پولیس محکمہ سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی MLA Mufti Mohammed Ismail Qasmi نے ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی سے ملاقات کر کے میمورنڈم سونپا اور چوروں کو پکڑنے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ شہر میں سردی شباب پر ہے اور لوگ راتوں کو جلد ہی گھروں میں چلے جاتے ہیں جس کے سبب گلی، محلے اور سڑکیں سنسان رہتی ہیں اور چور اسی بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گروپ کی شکل میں شہر کے مختلف علاقوں سے روزانہ موٹر سائیکل چوری کی واردات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو موٹر سائیکل چوری ہوتی ہے اس کا نام و نشان تک نہیں ملتا۔ شہر کے مختلف علاقے آزاد نگر، نیاپورہ، اسلام پورہ اور دیگر علاقوں میں جنوری ماہ میں درجنوں موٹرسائیکل اور قیمتی گاڑیاں چوری ہوئی ہیں جن کا ابھی تک کچھ سراغ نہیں لگ سکا ہے۔
شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ منشیات کے عادی افراد چوری کی واردات انجام دے رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے 12 نومبر کو مالیگاؤں بند کے دوران رونما ہونے والے تشدد معاملے میں گرفتار افراد کے تعلق سے کہا کہ پولیس انتظامیہ کا بھی ماننا ہے کہ گرفتار کئے گئے لوگوں میں کچھ لوگ بے گناہ ہے جن کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ اس معاملے میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جن کا گناہ معمولی ہے لیکن ان پر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جو بے گناہ ہیں انہیں سیکشن 169 کے تحت جیل سے رہا کر دینا چاہیے اور جن لوگوں پر سخت دفعات کے تحت مقدمہ کا اندراج کیا گیا ہے ان کی چارج شیٹ جلد از جلد داخل کی جائے تاکہ ان کی ضمانت آسانی سے ہوسکے۔
مفتی محمد اسماعیل کی باتوں کو سننے کے بعد ایڈیشنل ایس پی نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔