اکثر سوشل میڈیا پر بہت سارے لوگوں کو کورونا جیسی عالمی وبائی بیماری کا مذاق اڑاتے ہوئے دیکھا ہوگا۔ لیکن ماسک نہ پہننا، سماجی دوری جیسے اقدامات کو ہلکے میں لینا ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر کے ایک نوجوان کو کافی مہنگا پڑ گیا۔ وہ نوجوان اب کورونا مثبت پایا گیا ہے۔
![tik tok boy infected by coronavirus in sagar madhya pradesh](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/768-512-6749069-thumbnail-3x2-aaaa_1104newsroom_1586602324_464.jpg)
بتا دیں کہ کورونا وائرس کا پہلا مثبت کیس آج ضلع ساگر میں سامنے آیا ہے۔ جہاں شنیچری وارڈ کا رہائشی 25 سالہ شخص کورونا سے متاثر پایا گیا ہے۔ جس نے علاقے میں ہلچل مچا دی ہے۔ پورے علاقے کو صاف ستھرا کیا جا رہا ہے۔ نوجوان کے کنبہ کے افراد کو قرنطینہ میں ڈال دیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ اس واقعے کے بعد سے متاثر مریض کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
اس نوجوان نے ہسپتال سے ویڈیو بنا کر اسے ٹک ٹاک پر ڈال دیا۔ جس میں وہ خود ماسک پہن کر اپنے لیے دعا کرنے کی اپیل کر رہا ہے اور عوام سے یہ کہہ رہا ہے کہ وہ کرونا سے متاثر ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کی پرانی ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں وہ اپنے ساتھی کے ماسک پہننے کی اپیل کو مسترد کر رہا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی ایسی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ اس نوجوان نے غریبوں میں کھانا تقسیم کرنے کا کام بھی کیا ہے۔ ایسی صورتحال میں انتظامیہ کی نیند اڑی ہوئی ہے۔