ریاست میں تیسری لہر کے خوف سے حکومت اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں، ان حالات کے درمیان تہواروں کے آنے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جس کے پیش نظر بھوپال میں سوشل میڈیا پر مسلسل لاک ڈاؤن کے نفاذ کی افواہیں گردش کررہی ہیں۔
اس سلسلے میں بھوپال کے ڈی آئی جی ارشاد ولی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے دیکھا ہے کہ سوشل میڈیا پر لاک ڈاؤن نافذ ہونے کی خبریں مسلسل گردش کررہی ہیں اور اس طرح کی افواہیں پھیلانے والوں کی ہم نے نشاندہی کرلی ہے اور ہم نے ایسے لوگوں کو وارننگ بھی دے دی ہے۔
ارشاد ولی نے کہا کہ اس طرح کے میسج سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کیے نہیں ڈالنا چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے کہا اس طرح کی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے اور یہ بات حکومت، ضلع انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے ذریعہ بھی آپ کو بتائی جارہی ہے کہ کسی بھی طرح کی افواہوں پر دھیان نہ دیں۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ اگر لوگ بغیر کسی تصدیق کے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلاتے ہیں تو وہ اس کے ذمہ دار خود ہوں گے۔ انہوں نے کورونا کی تیسری لہر سے متعلق کہا کہ ہم نے اپنی طرف سے پوری تیاری کرلی ہے محکمہ پولیس نے جس طرح سے دوسری لہر میں اپنی تیاری رکھی تھی وہ اس بار بھی مستعد ہیں۔