رائسین: مدھیہ پردیش کے رائسین ضلع میں تعمیراتی کاموں میں لاپرواہی برتنے کی وجہ سے دو ایس ڈی او اور دو انجینئروں کو فوری اثر سے معطل کر دیا گیا ہے۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق محکمہ تعمیرات عامہ کے پرنسپل سکریٹری سکھویر سنگھ نے تعمیراتی کاموں کی جانچ کے بعد دو ایس ڈی او اور دو انجینئروں کو معطل کر دیا ہے۔ انہوں نے موقع پر لونیوی اور پی آئی یو کی جانب سے کئے جارہے تعمیراتی کاموں کو دیکھا۔ اس معائنہ میں پائی جانے والی خامیوں اور پرنسپل سکریٹری کی ناراضگی کے بعد پی آئی یو کے ایس ڈی او اے کے دوراپے اور سب انجینئر آر کے قصیب کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معطلی کی کارروائی پولی ٹیکنک کالج کی تعمیر میں غفلت برتنے پر کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی محکمہ تعمیرات عامہ کے ایس ڈی او پرمجیت سنگھ اور سب انجینئر آر سی بٹوریا کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ بتا دیں کہ ایک ہفتہ قبل ریاست کے انوپ پور میں کلکٹر آشیش وششت نے قبائلی امور کے محکمہ کے ہاسٹل اور آشرم کی عمارت کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے دیہی انجینئرنگ سروس اور قبائلی امور کے محکمہ کے تکنیکی افسران کو ہدایات دی تھی کہ ہاسٹلز کے تعمیراتی کاموں کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے بصورت دیگر غفلت کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ چھتیس گڑھ کے کانکیر میں کمیونٹی ٹوائلٹ کی تعمیر کے کام میں لاپرواہی برتنے والے 18 سیکرٹریوں کو معطل کر دیا گیا تھا، ضلع پنچایت کے سی ای او سمیت اگروال نے مسلسل کام میں لاپرواہی برتنے کی وجہ سے ضلع کے چار اضلاع کے 18 سکریٹریوں کو معطل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: Naini Jail Superintendent نینی جیل کے سپرنٹنڈنٹ معطل
یو این آئی