مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے چھتیس گڑھ پولیس کے ذریعہ ملزم کالی چرن کی کھجوراہو سے گرفتاری کے طریقے پر اعتراض کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ کانگریس حکومت کو انٹر اسٹیٹ پروٹوکول Interstate Protocol کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہئے تھی۔
مشرا نے یہاں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ مہاراج کالی چرن کو گرفتار کرنےکے طریقے پر انہیں سخت اعتراض ہے۔ وہاں کی حکومت نے انٹر اسٹیٹ پروٹوکول پر عمل نہیں کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے مدھیہ پردیش کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دی ہے کہ وہ چھتیس گڑھ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل سے فوراً بات چیت کرکے اعتراض کا اظہار کریں اور اپنی مخالفت درج کرائیں۔ بغیر اطلاع کے گرفتار کرنا قابل اعتراض ہے۔ وفاقی حدود اس کی اجازت نہیں دیتے۔ انہیں اطلاع کرنی چاہیے تھی۔ اگر چھتیس گڑھ حکومت چاہتی تو نوٹس دے کر اسے (کالی چرن) بلوا سکتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: Kalicharan Maharaj Arrested: کالی چرن مہاراج گرفتار
واضح رہے کہ کالی چرن نے حال ہی میں ایک پروگرام میں اسٹیج سے مہاتما گاندھی کے خلاف غیر مہذب اور نازیبا تبصرہ کرتے ہوئے ان کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی حمایت کی تھی۔ اس کے بعد چھتیس گڑھ پولیس نے کالی چرن کے خلاف مجرمانہ معاملہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ کالی چرن رائے پور سے مدھیہ پردیش کے اندور ہوتے ہوئے کھجوراہو پہنچا تھا۔
یو این آئی