مدھیہ پردیش: 38 لاکھ 89 ہزار سے زیادہ افراد کی ٹیکہ کاری - ویکسین مہم
بھوپال میں اب تک 253212 افراد کو کورونا کا ٹیکہ لگایا گیا ہے۔ وہیں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع اندور میں 367059 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
مدھیہ پردیش میں کورونا کی وبا بے حد تشویشناک سطح پر پہنچنے کے درمیان اب عوام کا رجحان بھی کورونا ویکسین لگوانے کی جانب بڑھ رہا ہے ۔
اب تک 3889087 افراد کو ویکسین کے ڈوز لگ چکے ہیں۔سرکاری ذرائع کی جانب سے مہیا کروائے گئے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں ویکسینیشن کا عمل 16 جنوری کو شروع ہوا تھا اور تقریباً ڈھائی ماہ میں تمام 52 اضلاع میں اتنی تعداد میں ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ اب تک 45 سال کی عمر کے درمیان 619821 افراد کی ٹیکہ کاری ہو چکی ہے۔
بھوپال میں اب تک 253212 افراد کو ویکسین کی خوراک دی گئی ہے۔ وہیں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع اندور میں 367059 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔ علاوہ ازیں گوالیار میں 131915 افراد کو اور جبل پور میں 180414 افراد کو کورونا ویکسین کا ڈوز دیا گیا ہے۔ سب سے کم ٹیکہ کاری ضلع ہردا میں ہوئی۔ یہاں اب تک 22181 افراد نے ویکسین لگوایا ہے۔حکومت کی کوشش ہے کہ اب تمام 52 اضلاع میں ویکسین مہم کو مزید رفتار دی جائے اور لوگوں میں بھی اس کے تئیں جوش کا ماحول بنے۔
ان دنوں یومیہ چار لاکھ سے زیادہ ویکسین لگانے کا نیا ہدف دیا گیا ہے۔ ریاست کی آبادی تقریباً ساڑھے سات کروڑ ہے۔