تانڈو ویب سیریز نشر ہونے سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے۔ کبھی اس پر پابندی کی بات کی جارہی ہے تو کبھی کچھ حصوں کو کاٹنے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ مدھیہ پردیش کے پروٹیم اسپیکر رامیشور شرما نے اس تنازعہ کے ضمن میں کہا کہ ہندوؤں کو تانڈو کرنے پر مجبور نہ کریں ورنہ خان اداکاروں کو بوریا بستر باندھنا پڑے گا۔
پوری دنیا میں بالی ووڈ کی فلموں کی ایک الگ ہی شناخت ہے اور فلم انڈسٹری کے اداکاروں کے چاہنے والوں کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔ ساتھ ہی ان چاہنے والوں کو بالی ووڈ کی ہر نئی فلم کا بڑی بے چینی سے انتظار رہتا ہے۔ کورونا کے بعد آئی ویب سیریز تانڈو ریلیز ہوئی تو پورے ملک میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کو لے کر ویب سیریز کی مستقل مخالفت کی جارہی ہے۔ یہاں تک کہ ویب سیریز پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔
اسی ضمن میں مدھیہ پردیش کے پروٹیم اسپیکر رامیشور شرما نے یہاں تک کہہ دیا کہ ہندوؤں کو تانڈو کرنے پر مجبور نہ کریں اس سے صرف خان اداکاروں کو بوریا بستر باندھنا پڑے گا۔ اگر خان اداکاروں کو فلمیں ہی بنانا ہے تو کسی دوسرے موضوع پر بنائیں۔ ان کو رام کے عقیدت مندوں کی فہرست بڑھانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ تمہارے بزرگ بھی رام کے عقیدت مند تھے۔ لہٰذا ہندو دیوی دیوتاؤں کے فالوورز کو بڑھانےکی ضرورت نہیں ہے۔ مذہبی جذبات کو چھوڑ کر آپ کوئی دوسرے موضوع پر فلمیں بنائیں، ورنہ انجام ٹھیک نہیں ہوگا۔ میری مسلمانوں سے بھی گزارش ہے کہ ان خان اداکاروں کو اچھے سے سمجھانا چاہیے کہ وہ حد میں رہیں۔
شرما نے مزید کہا کہ سیف علی خان ہندوؤں کو تانڈو کرنے پر مجبور نہ کرو! ورنہ تم کو بوریا بستر باندھنا پڑے گا۔ اب ملک میں اکبر اور بابر کا راج نہیں ہے، ملک آزاد ہو چکا ہے۔ لہٰذا ہندو دیوی دیوتاؤں کی بے حرمتی کرنا بند کریں۔