بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات سے 3 مہینے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی کے آٹھ اضلاع کے بڑے لیڈران نے کانگریس کا ہاتھ تھام لیا۔ سابق وزیر اوما شنکر گپتا کے بھانجے اشیش اگروال کے علاوہ کولارس سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی وریندر سنگھ رگھوونشی، دھار ضلع سے بھارتیہ جنتا پارٹی سے دو بار رکن اسمبلی رہے بھور سنگھ شیخاوت، ضلع ساگر سے چندر بھوشن سنگھ بندیلا، ان کے والد سجن سنگھ بوندیلا جھانسی سے دو بار رکن پارلیمان رہ چکے ہیں۔ ان کے علاوہ چھدی لال پانڈے ضلع کٹنی، اروند ڈھاکڑ ضلع شیوپوری، انشو رگھونشی ضلع گنا، ڈاکٹر کیشو یادو ضلع بھنڈ اور مہندر پرتاپ سنگھ ضلع نرمدا پورم سے کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ ان سبھی لیڈران کو بھوپال میں کانگریس کے دفتر میں کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے کانگریس کی رکنیت دلائی۔
یہ بھی پڑھیں:
اس موقع پر کانگریس کے صوبائی انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا اور اسکریننگ کمیٹی کے چیئرمین بھور جتیندر سنگھ سمیت دیگر لیڈران موجود تھے۔ اس موقع پر رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ پچھلی بار بھارتیہ جنتا پارٹی کے 13 وزراء انتخابات میں ناکامیاب ہوئے تھے۔ اس بار اس کا الٹا ہوگا اور 31 وزراء انتخابات ہاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 50 فیصد کمیشن اور بدعنوانی اس حکومت کا اہم دھندا ہے۔ اس حکومت میں دلت، قبائلی طبقہ اور خواتین محفوظ نہیں ہیں، ایسی حکومت کو چلو بھر پانی میں ڈوب مر جانا چاہیے۔ بھوپال دارالحکومت میں جرائم ہورہے ہیں اور یہاں ہر دن ایک خاتون کے ساتھ عصمت دری کا معاملہ پیش آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمل ناتھ کے پٹارے میں ابھی بہت مال ہے، وہیں دوسری جانب مدھیہ پردیش میں ایک دھوکہ باز اقتدار میں ہے۔ وہ کمل ناتھ کے ذریعہ کیے جا رہے اعلانات کی نقل کر رہا ہے۔ انہوں نے کمل ناتھ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے التجا کرتا ہوں کہ آپ آج کوئی اعلان نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ اب جو بھی اعلان کرنا ہے وہ ضابطۂ اخلاق کے نفاذ کے بعد کریں۔
اس موقعے پر ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ نے کانگریس میں بڑی تعداد میں شامل ہوئے لیڈران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس میں شامل ہونے والے لیڈران اور کارکنان مدھیہ پردیش کے مستقبل کے محافظ ہیں۔ کمل ناتھ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاست مدھیہ پردیش کو بدعنوانی کی ریاست بنا دیا ہے۔ اج ریاست کا ہر شخص بدعنوانی کا شکار ہے یا بدعنوانی کا گواہ ہے۔ مدھیہ پردیش میں بدعنوانی کی ایسے انتظام بنا لیے گئے ہیں جس میں پیسے دو اور کام لو کا اصول چل رہا ہے۔ شیو راج سنگھ چوہان اپنے گناہ صاف کرنے کے لیے بہنوں کو ایک ہزار روپے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیو راج سنگھ آپ سوچتے ہیں کہ 18 سال کے آپ کے گناہ اس سے صاف ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ جائیے ممبئی اور وہاں اداکاری کیجیے۔ اس بار ہونے والے انتخابات کے بعد مدھیہ پردیش کی عوام آپ کو بڑے پیار سے الوداع کہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاست کو چوپٹ ریاست، بدعنوانی والی ریاست اور گھوٹالہ والی ریاست بنا دیا ہے۔