جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ میں ہوئے مسلح تصادم میں پاکستان سے تعلق رکھنے والا لشکر طیبہ کا ایک اعلیٰ کمانڈر حیدر ہلاک ہوگیا ہے۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے کہا کہ فوج اور عسکریت پسندوں کے مابین ہوئی اس خونین معرکہ آرائی میں لشکر طیبہ کا اعلی کمانڈر حیدر ہلاک ہوگیا ہے۔
شمالی قصبہ ہندواڑہ کے چھنجی مولہ علاقہ میں فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان ہوئے خونین معرکہ آرائی میں اس سے قبل آرمی میجر سمیت پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ فوج کی جوابی کاروائی میں دو عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں۔
اس سے قبل فوج کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اس معرکہ آرائی میں دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ فوج کے چار اہلکار جن میں ایک کرنل اور ایک میجر شامل ہیں اور پولیس سب انسپکٹر بھی اس تصادم میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ادھر گھر میں پھنسے شہریوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے-