وادی کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے عالمی وبا کورونا وائرس مثبت معاملات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، ضلع سرینگر میں یومیہ کیسز میں اضافہ کے بعد شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ سمیت کپوارہ میں بھی یومیہ کیسز میں اُچھال دیکھنے کو ملا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ کے پتو شاہی، لولاب میں جواہر نو ودیہ ودیالیہ اسکول میں زیر تعلیم 16طالب علم کی کورونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد گائوں میں سراسیمگی پھیل گئی ہے۔ وہیں انتظامیہ کی جانب سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔
چیف میڈیکل افسر، کپوارہ ڈاکٹر معراج صوفی نے بتایا کہ مزید طالب علموں کی سیمپلنگ کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو روکنے کی خاطر زمینی سطح پر ٹھوس اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: Corona Update: ملک میں کورونا کے 10 ہزار سے زائد نئے معاملے
سب ضلع مجسٹریٹ، سوگام اعجاز احمد نے بتایا کہ متاثرہ طالب علموں کو الگ تھلگ رکھا گیا ہے جبکہ اُن کے رابطے میں آنے والے افراد کی بھی تلاش شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن طالب علموں کی رپورٹ مثبت آئی ہے اُنہیں دس روز تک قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔