کپواڑہ: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر آج ملک میں کامیابی کی ایک نئی کہانی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مجموعی اقتصادی ترقی لچک اور طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ہم ہر شعبے میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو شمالی ضلع کپواڑہ میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'میں نے آج کپواڑہ میں زائد از 26 کروڑ لاگت کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ اس سرحدی ضلع نے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں قابل ذکر تعمیر کا آغاز کیا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ رواں مالی سال کے دوران 3 ہزار 2 سو 41 کاموں کو مکمل کرنے کا ہدف رکھتی ہے تاکہ مستقبل کی ترقی اور تمام شعبوں میں پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
منوج سنہا نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران کپواڑہ کی ترقی کا سفر غیر معمولی رہا۔
انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ مالی سال کے دوران ضلع میں 2 ہزار 4 سو 44 ترقیاتی کام مکمل کیے گئے۔ جموں وکشمیر انتظامیہ نے سیاحتی شعبے کو فروغ دیا تاکہ اس خوبصورت علاقے کے لوگوں کے سماجی و اقتصادی حالات بدل جائیں اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع وسیع ترہو جائیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ سال 2021 – 2022 کے دوران کیرن اور مژھل سیکٹر کے لئے پہلی بار گرڈ کنیکٹی وٹی فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس کنیکٹی وٹی سے لائن آف کنٹرول کے نزدیک قریب 19 پنچایتیں اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بھی محفوظ کرنے کے لئے ترقی اور خوشحالی کے نئے راستوں کو متعین کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کپواڑہ میں 3144 کروڑ روپیے سے زیادہ کی مالیت کے 20 بنیادی ڈھانچوں کے منصوبے زیر تعمیر ہیں جو مستقبل کی ترقی کی کلید ہوں گے۔
مزید پڑھیں: |
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف شہری علاقوں بلکہ دیہی علاقوں کی آبادی میں بھی خوشحالی لائیں گے اور مقامی مارکیٹ کی بنیاد کو وسعت اور کاروبار کو فروغ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر آج ملک میں کامیابی کی ایک نئی کہانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ' ہماری مجموعی اقتصادی ترقی لچک اور طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ہم ہر شعبے میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں جس سے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آ رہی ہے تاکہ ایک مضبوط یونین ٹریٹری تشکیل پائے'
(یو این آئی)