ہفتہ کی صبح شمالی کشمیر کے قصبہ ہندوارہ میں ایک شخص کی لاش برآمد ہونے کے بعد علاقے میں احتجاجی طور دکانیں بند رہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق چند افراد نے ہفتہ کی صبح ہندوارہ میں کھنبل سے تعلق رکھنے والے محمد امین تانترے کی لاش دیکھنے کے بعد پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے قانونی و طبی لوازمات کے لیے لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
طبی و قانونی لوازمات کے بعد پولیس نے لاش کو آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے سپرد کر دیا۔ لاش آبائی علاقہ پہنچتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔
سانحے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، وہیں احتجاجی طور ہندوارہ مین مارکیٹ میں دکانیں بند رہیں۔ درجنوں خواتین نے احتجاج کرتے ہوئے قاتل کا سراغ لگانے کی مانگ کی۔
احتجاج کر رہی خواتین نے دعویٰ کیا کہ محمد امین کو گزشتہ روز چند افراد اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد سے اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’محمد امین کو نئی پارٹی تشکیل دینے کا جھانسہ دیکر اپنے ساتھ لے گئے اور آج صبح انکی لاش برآمد ہوئی ہے۔‘‘