بنگلورو: ریاست کرناٹک کے تمکور شہر میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی خودکشی کا دردناک معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے پیچھے مالی مسائل، قرض اور اس سے جڑے سود خوروں سے کئے جانے والے تقاضے ہیں۔
محکمہ پولیس کی جانب سے کل 7 افراد پر قتل اور خودکشی کے لئے اکسانے والا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ غریب صاب نامی شخص نے اپنی اہلیہ اور 3 بچوں کے ساتھ خودکشی کی ہے۔
پولیس نے ایک ویڈیو ریکارڈنگ بھی حاصل کی ہے جو خودکشی سے پہلے بنائی گئی تھی، جس میں ریاست کے ہوم منسٹر و پولیس افسران سے درخواست کی گئی ہے کہ ان لوگوں پر سخت کارروائی کی جائے جنہوں نے انہیں ایسے سخت قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق غریب صاب نے متعدد افراد سے قرض لیا تھا جس کے نہ لوٹائے جانے پر انہیں ہراساں کیا جارہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:کرناٹک میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی خودکشی
اس معاملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے اجتماعی خود کشی پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ معاملے کی حقیقی صورتحال کی جانچ کی جائیگی اور خاطی افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پرمیشور نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے بھی بات کرینگے کہ سود پر قرض لینے کے بعد اس کی وصولی کے لئے پریشان کرنے والے سود خور تاجروں کو ظلم سے روکنے کے لئے کوشش کی جائے گی۔