کرناٹک کے منگلورو انٹرنیشنل ایرپورٹ (ایم آئی اے) کے کسٹم ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے آج دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان سے 1.015 کروڑ روپے مالیت کا 2.15 کلو سونا ضبط کیا۔
سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ انٹلیجنس اور مسافروں کے پروفائل کے بارے میں اطلاع حاصل کرنے کے بعد کسٹم حکام نے دو افراد کو روکا جن کی شناخت فیصل توٹی میلپارمبا (37) اور محمد شعیب موگو (31) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق کیرلہ کے قاسرگوڈ سے ہے اور وہ شارجہ سے ائیر انڈیا کی پرواز سے یہاں پہنچے تھے۔
جب کسٹم حکام نے دونوں مسافروں کی تلاشی لی تو دونوں کے انڈرگارمنٹ میں پیسٹ کے طور پر چھپا کر رکھا ہوا سونا ملا۔ برآمد شدہ 24 قیراط سونے کا وزن 2.154 کلوگرام ہے ، جس کی مالیت 1.09 کروڑ روپے ہے۔
کسٹم کمشنر امام الدین احمد اور جوائنٹ کمشنر جوناس جارج نے ڈپٹی کمشنر پروین کانڈی کی سربراہی میں ٹیم کو اسمگلروں کو پکڑنے پر مبارکباد پیش کی ہے جس میں سپرنٹنڈنٹ سری کانت کے ، سپرنٹنڈنٹ سبھیندر رنجن بہیرا ، سپرنٹنڈنٹ نوین کمار اور دیگر شامل تھے۔