بنگلور: پلوامہ حملے کے متعلق ستیہ پال ملک کے بیان آنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی نے گورنر ستیہ پال ملک کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔ وہیں کرناٹک جے ڈی ایس لیڈر سی ایم ابراہیم نے سوال کیا کہ اس وقت مین اپوزیشن کانگریس نے کیوں خاموشی اختیار کی تھی۔ سی ایم ابراہیم نے کہا کہ اڈانی معاملے میں کانگریس جے پی سی کی مانگ کر رہی ہے تو پلوامہ اٹیک معاملے میں تحقیقات کی مانگ کیوں نہیں کی؟۔
سی ایم ابراہیم نے کہا کہ سنہ 2019 میں جو سانحہ پیش آیا، وہ نہایت ہی دردناک رہا۔ اس میں 40 جوان شہید ہوئے اور اگر اس میں مودی کے اقتدار والی حکومت کی کسی بھی قسم کا رول ہے تو ضروری ہے کہ وہ عوام کے سامنے آئے اور یہ تبھی ممکن ہوگا جب پلوامہ دہشت گردانہ حملے سے متعلق تفتیش یا جانچ کی جائیگی۔ اس سلسلے میں سی ایم ابراہیم کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے لیڈر منصور خان نے کہا کہ دیوے گوڑا جو کہ سابق وزیر اعظم ہیں، اگر وہ آگے بڑھ کر آتے ہیں اور اب بھی جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی کی جانچ کی مانگ کرتے ہیں تو کانگریس بھی ان کا ساتھ دیگی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے اس سوال پر کہ وہ تب کیوں چپ تھے اور اب جب کہ ان کی گورنرشپ کی میقات ختم ہوچکی تب معاملے کو سامنے لارہے ہیں، ستیہ پال ملک نے وضاحت کی کہ یہ بتانا "غلط" ہے کہ وہ دفتر چھوڑنے کے بعد ہی 2019 کے پلوامہ دہشت گردانہ حملے پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ جموں و کشمیر کے سابق گورنر کا یہ تبصرہ اس وقت آیا جب انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے حالیہ بیان پر ایک سوال کا جواب دیا کہ وہ 'ہم سے علیحدگی کے بعد الزامات لگا رہے ہیں'۔ ستیہ پال ملک نے بتایا کہ 'یہ کہنا غلط ہے کہ میں نے یہ مسئلہ اس وقت اٹھایا جب میں اقتدار سے باہر تھا۔ میں نے حملے کے دن ہی اس معاملے کو اٹھایا تھا۔
یاد رہے کہ فروری 2019 میں جموں و کشمیر کے پلوامہ میں سیکورٹی گارڈز کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے چالیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس وقت کے جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے حال ہی میں انٹیلی جنس کی ناکامیوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے سیکورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت کے لیے طیارہ دینے سے انکار کر دیا۔ ملک نے کہا کہ پلوامہ دہشت گردانہ حملہ نظامی ناکامی کا نتیجہ تھا، جس میں مجموعی سیکورٹی اور انٹیلی جنس کی خامیاں شامل تھیں۔
ستیہ پال ملک نے کہا کہ پلوامہ سانحہ کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا گیا۔ ملک نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں اس وقت خاموش رہنے کی ہدایت کی تھی، جب انہوں نے اس حملے کی وجہ سے ہونے والی حفاظتی خامیوں کو سامنے لایا تھا، جس کے نتیجے میں 14 فروری 2019 کو سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 40 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ ملک نے یہ بھی کہا کہ قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈووال نے انہیں اس بارے میں بات کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تھا۔