بیدر: ریاست کرناٹک کے بیدر شہر کے گرو نانک پبلک اسکول میں طلبہ کے نمائندوں کی حلف برداری کا پروگرام منعقد ہوا۔ گرو نانک اسکول کی نائب صدر مسز ریشما کور نے نومنتخب نمائندوں کو حلف دلاتے ہوئے سماجی ذمہ داری پر زور دیا۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر ایچ بھرت شیٹی نے طلباء کو اچھے شہری بننے اور زندگی میں نظم و ضبط کی پیروی کرنے کی تعلیم دی۔ انہوں نے کہا کہ آپ ملک کی اصل دولت ہیں اور ملک کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
اس تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر ریشما کور نے کہا کہ بچوں کو محنتی انسان بننا چاہیے۔ ہر ایک کا زندگی میں نیک مقصد ہونا چاہیے بغیر کسی مقصد کے آگے نہیں بڑھ سکتے۔ طلبہ و طالبات میں اپنی زندگی اور ملک اور قوم کے لیے کچھ کرنے کا جذبہ ہونا چاہیے۔ ایسے طلبہ و طالبات زندگی میں کامیاب ہوتے ہیں جو اپنی زندگی کو مقصد کے تحت گزارتے ہیں اور جو طلبہ و طالبات بنا مقصد کے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھتے ہیں وہ کسی مقام پر نہیں پہنچتے۔ اس لیے ہر طالب علم کو چاہیے کہ اپنی زندگی کے تعلیمی سفر کو ایک کامیاب اور یادگار سفر بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ والدین کے خواب کی تعبیر کے لیے ان کی باتوں پر اچھے طریقے سے عمل کرنا چاہیے۔ طلبہ کو نظم و ضبط کی راہ پر چلنا چاہیے۔ بچوں کو اپنے اندر نظم و ضبط پیدا کرنا چاہیے۔ دوران تعلیم صرف اور صرف پڑھنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ انہوں نے اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور بڑوں کا احترام کرنے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل این راجو، ٹیچر امجد علی، ڈین ہنومان، ہیڈ ٹیچر مسز عارف ہادی اور عملہ کے ارکان موجود تھے۔