آل انڈیا ملی کونسل اور فیلکن گروپ آف انسٹیٹیوشنز کی جانب سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس Joint Press Conference میں اداروں کے ذمہ داران نے اعلان کیا کہ بتاریخ 10 دسمبر کو یو پی ایس سی سول سروسیس کے لئے ٹیلینٹ ہنٹ امتحان منعقد کیا جائے گا، جو ملک کے کئی ریاستوں کے ایکزام سینٹرز پر منعقد کیا جائے گا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک کے صدر مفتی سید باقر ارشد نے بتایا کہ ملت کے بچوں میں اعلیٰ و پیشہ وارانہ تعلیم کو فروغ دیا جائے تاکہ ملت کی بقا، شناخت و مستقبل محفوظ ہو۔ اس کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے جن میں معشیت کے فروغ کے علاوہ اعلیٰ تعلیم اہم ہے۔
فیلکن انسٹیٹیوشنز کے ڈائریکٹر عبد السبحان نے کہا کہ ملت کے بچوں میں بے شمار خوبیاں ہیں، بس ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو دریافت کرکے صحیح سمت میں آگے بڑھایا جائے جو کہ اس ٹیلنٹ ہنٹ امتحان کے ذریعے ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Opportunity for Scholars:علماء کے لئے گریجویشن کا سنہرہ موقع
اس موقع پر ادارہ ملی کونسل کے ذمہ داران نے ملت اسلامیہ سے اپیل کی کہ 'فیتھ' ٹیلنٹ ہنٹ امتحان میں شریک ہوکر اسکالرشپ حاصل کرتے ہوئے سول سروسز کی تیاری کریں۔
ملک بھر میں سول سروسز میں مسلمانوں کی تعداد 3 فیصد سے بھی کم ہے جب کہ آبادی کی شرح تقریبا 18 فیصد ہے۔ آل انڈیا ملی کونسل اور فیلکن گروپ کی جانب سے متحدہ طور پر اٹھائے گئے اس اقدام کا مقصد یہی ہے کہ ملت کے زیادہ بچے یو پی ایس سی امتحانات میں کامیاب ہوں اور عمدہ عہدوں پر فائز ہوں جس سے قوم و ملت کے ساتھ ملک کی بھی ترقی ہو۔