یادگیر: ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر میں تنظیم المسلمین و بیت المال کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی سفر بیت اللہ کے لئے روانگی سے قبل عازمین حج کے لئے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت تنظیم کے صدر لائق حسین بادل نے فرمائی۔ تہنیتی تقریب کا آغاز مولانا محمد شفیق احمد امام و خطیب مسجد آثار کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا جب کہ منصور احمد افغان نے نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقعے پر یادگیر سے نومنتخب ارکان اسمبلی چنا ریڈی پاٹل، مولانا محمد صدر الہدی، مولانا محمد سلیم رضوی، سینئر کانگریس لیڈر بسواراج جین، سدرشن نائیک نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے نو منتخب رکن اسمبلی چناریڈی پاٹل نے کہا کہ تمام عازمین حج خوش نصیب ہیں جو حج کا فریضہ ادا کرنے کے لیے جا رہے ہیں۔ اوپر والا جس کا انتخاب کرتا ہے وہی سفر حج پر جاتا ہے۔ رکن اسمبلی نے حج پر جانے والے احباب سے خصوصا اپنا شہر ریاست اور ملک میں امن اور سلامتی کے لیے دعا کرنے کی گزارش کی۔ مولانا محمد صدر الہدیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج اسلام کا پانچواں رکن ہے جو صاحب استطاعت مسلمان پر فرض ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Protect the Environment آنے والی نسلوں کے لیے ماحول کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے
اس موقعے پر عنایت الرحمن، واحد میاں، منصور احمد افغان، عرفان بادل، غلام جیلانی افغان کے علاوہ تنظیم المسلمین و بیت المال یادگیر دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ عرفان بادل نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور عنایت الرحمن کے شکریہ پر اس تہنیتی اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔