بیدر: ریاست کرناٹک میں 10 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم زور شور سے جاری ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی طرف راغب کرنے کے لئے تمام تر ہتھکنڈہ اپنا رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے درمیان الزام تراشی کابھی سلسلہ جاری ہے۔ اسی درمیان کانگریس کے رہنما اور سابق وزیرضمیر احمد خان نے بیدراسمبلی حلقے میں انتخابی مہم کے دوران بی جے پی اور جے ڈی ایس کے درمیان خفیہ سمجھوتے کا الزام لگایا۔
سابق وزیر ضمیر اضمد خان نے کانگریس کے امیدوار رحیم خان کی حمایت میں انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جے ڈی ایس اور بی جے پی دونوں ہی سکے کے دو پہلو ہیں۔لوگوں کو سوچ سمجھ کر حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہئے۔بیدر اسمبلی حلقہ میں بھی دونوں جماعتوں کے اندرونی معاہدے ہو گئے ہیں۔ بیدرحلقہ سے جے ڈی ایس امیدوار ماضی میں دو بار بی جے پی سے الیکشن لڑ چکے ہیں اور ہار گئے ہیں۔ اس بار انہیں بی جے پی سے ٹکٹ نہیں ملنے پر جی ڈی ایس کا دامن تھام لیا ہے۔
دوسری طرف رکن اسمبلی اور کانگریس کے امیدوار رحیم خان نے بتایا کہ ریاستی حکومت سے میں نے بیدر حلقہ میں 1500 کروڑ کی بد ولت کئی ترقیاتی کام کئے ہیں۔اسی ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر عوام کے درمیان ووٹ مانگنے کے لئے جا رہا ہوں۔امید ہے کہ بیدر کے لوگ انہیں ایک بار پھر کامیاب بنائیں گے۔