بیدر: ’’بیدر ضلع کے سبھی کسانوں کو بارش سے تباہ شدہ فصلوں کا معاوضہ ملنا چاہیے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار محکمہ ہینڈلوم اور ٹیکسٹائل اور بیدر ضلع کے انچارج وزیر شنکر بی پاٹل نے بیدر ضلع کے پنچایت ہال میں منعقدہ سہ ماہی کے ڈی پی کرناٹک ڈویلپمنٹ پروگرام اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ
’’محکمہ زراعت کے افسران کو پہلے ہی ہدایت دی گئی ہے اور وہ فصلوں کے ہوئے نقصان کی رپورٹ انشورنس کمپنیوں کو دیں اور جن کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ان کا معاوضہ دینے کا اقدامات اٹھائیں۔‘‘ محکمہ زراعت کے افسران کا کہنا ہے کہ انہیں کسانوں کی طرف سے بہت سی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ انشورنس کمپنیاں کسانوں کو مناسب معاوضہ نہیں دے رہی ہیں۔ Damage to Crops in Bidar due to Rains
اجلاس کے دوران کھاد سمیت دیگر ادویات کی کمی کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں جوائنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ محکمہ کے پاس ابھی بھی 760 میٹرک ٹن کا اسٹاک موجود ہے۔ ایم ایل اے بھالکی ایشور کھنڈرے نے کہا کہ فصل کو نقصان پہنچنے کی صورت میں یونیورسل جنرل انشورنس کمپنی کا ٹول فری نمبر اور ویب سائٹ ٹھیک طرح سے کام نہیں کر رہے اس لیے کسان وقت پر درخواست نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جن کمپنیوں نے اس میں سرمایہ کاری کی ہے وہ فصل کے نقصان کا معاوضہ دینے میں تاخیر کر رہی ہیں۔
مرکزی وزیر مملکت برائے فرٹیلائزر بھگونت کھوبا نے کہا کہ ’’یونیورسل جنرل انشورنس کمپنی نے انشورنس پریمیم حاصل کیا ہے اور 2016 سے 2022 تک کسانوں سے 78 کروڑ روپے کسانوں کو فصل کا معاوضہ ادا کیا ہے اور انشورنس کرانے کے بعد 461 کروڑ روپے ادائیگی کی ہے۔ ضلع ڈپٹی کمشنر گووندریڈی نے نمائندوں کے اصرار پر آنے والے دنوں میں بیدر اتسو منانے کے حوالہ سے ضلع کی ترقی کے لیے بیدر اتسو کی اہمیت کے حوالہ سے کے ڈی پی اجلاس میں شامل سبھی لوگوں کی توجہ اس جانب دلائی۔
مزید پڑھیں: حکومت سے کسانوں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ
میٹنگ میں قانون ساز کونسل کے چیئرمین رگھوناتھ راؤ ملکاپورے، ریاستی صنعتی اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین ڈاکٹر شیلیندر، بیدر ایم ایل اے رحیم خان ، ہمناباد ایم ایل اے راج شیکھرا بی پاٹل ، بھالکی ایم ایل اے ایشورکھنڈرے، قانون ساز کونسل کے ممبران اروند کمار ارالی، بھیماراؤ پاٹل، کرناٹک ریاست کے ممبران اسمبلی نے شرکت کی۔ جبکہ حج کمیٹی کے چیئرمین رؤف الدین ، بیدر اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بابووالی، بیدر ضلع پنچایت کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر شلپا ایم، بیدر ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس دیکا کشور بابو، محکمہ زراعت کے جوائنٹ ڈائریکٹر رتیندرناتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر رتی کانت سوامی، برمس ڈائریکٹر شیوکمار ، محکمہ ایکسائز منجوناتھ اور دیگر مختلف اضلاع کے عہدیدار بھی موجود تھے۔