بنگلورو میں فسادکے بعد نافذ حکم امتناعی کی مدت منگل تک بڑھا دی گئی ہے۔ان فسادات کے دوران پولیس کی فائرنگ میں تین لوگ مارے گئے تھے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ حکم آج صبح سے منگل 18 اگست تک موثر رہےگا۔بینگلورو کے پولیس کمشنر کمل پنت نے بتایا کہ اس حکم کے تحت ایک مقام پر دو افراد سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے ،کسی بھی قسم کے ہتھیاروں کو لانے لے جانے اور کسی طرح کی میٹنگ کرنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔
اس دوران اس فساد میں مبینہ طورپر شامل ایک شخص کی موت ہوگئی۔موت کی وجہ پیٹ میں چوٹ لگنا بتایا گیا ہے۔پولیس نے کہا،’’وہ (ملزم سعید ندیم) 12 اگست سے جیل میں تھا۔اسے اتوار کی رات سینے میں درد ہونے پر بارنگ اسپتال لے جایا گیا۔ممکن ہے کہ اس کے پیٹ میں کسی سخت چیز سے چوٹ لگی تھی۔‘‘انہوں نے بتایا کہ سعید(24) کو دیورا جیون ہلی میں ہوئے فساد کے سلسلے میں 12 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا۔
سعید گزشتہ جمعہ کی رات کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا۔