ہر سال کی طرح امسال بھی گلبرگہ میں بہمنی سلطنت کا یوم تاسیس (فاؤنڈیشن ڈے) منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کے ذمہ داران اور محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے علاء الدین حسن گنگو بہمنی کے مزار پر چادر پیش کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 11 برسوں سے ہر سال 3 اگست کو بہمنی سلطنت کا فاؤنڈیشن ڈے منایا جاتا ہے۔
دکن کی پہلی مسلم سلطنت 3 اگست 1347 کو گلبرگہ میں قائم ہوئی تھی ۔حسن گنگو بہمنی نے دکن کی پہلی مسلم سلطنت قائم کی تھی جو بہمنی سلطنت کے نام سے تاریخ میں مشہور ہوئی۔ اس طرح علاء الدین حسن گنگو بہمنی دکن کے پہلے مسلم حکمران تھے۔
انہوں نے 748 ہجری سے 760 ہجری یعنی 1347 سے 1358 تک حکومت کی تھی۔ اس دوران انہوں نے دکن میں اپنی حکومت کی مختلف یادگار تاریخی عمارتیں و نقوش چھوڑے ہیں۔
علاء الدین حسن نے اپنے نام پر گلبرگہ کا نام حسن آباد رکھا تھا لیکن بعد میں احمد شاہ بہمنی نے بہمنی سلطنت کا تخت بیدر منتقل کر دیا تھا۔ وہ حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو دراز کے عقیدت مند تھے۔ اس لیے اس نے بیدر کا نام حضرت خواجہ بندہ نواز کے اصل نام محمد حسین کی مناسبت سے محمد آباد رکھا تھا۔
گلبرگہ میں آج بھی کئی بہمنی سلطنت کے بادشاہوں کے مزار اور تاریخی مساجد و دیگر عمارتیں موجود ہیں جو بہمنی سلطنت کا ثبوت پیش کرتی ہیں۔