جموں و کشمیر جنگلات اور ماحولیات شعبہ کی جانب سے ایک رینج افسر اور ایک فارسٹر کو نوکری سے برخاست کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
کمشنر سیکریٹری فارسٹ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ رینج افسر سنجیو ورما، تب کا وائلڈ لائف وارڈن کشتواڑ الطاف حسین شاہ، ڈی ڈی آر فارسٹر اور اس وقت کا ڈی ایف او انچارج سوشل فارسٹری کپواڑہ کے علاوہ محمد امین میر 2012کے 'عام داخلہ ٹیسٹ' معاملہ میں ملوث پائے گئے۔ جس کے بعد ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 24/2013 درج کر کے تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔
کرائم برانچ کی جانب سے اس سلسلہ میں 2014 کے دوران جوائنٹ ڈائریکٹر فارسٹ پروٹیکشن فورس جاوید احمد اندرابی کو تحقیقات کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ اس دوران مذکورہ دونوں افسران 2018 کے دوران عدالتی تحویل میں بھی رہے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے تحت دونوں افسران کو نوکری سے برخاست کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے تاہم ان میں سے ایک افسر اکتوبر 2019 میں ہی سبکدوش ہو گیا ہے جبکہ دوسرا 2024 میں سبکدوش ہونے والا تھا۔