جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے بدھ کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جموں میں احتجاج کیا گیا۔
بڑھتی مہنگائی کے خلاف کانگریس لیڈران و کارکان نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مرکزی سرکار کے خلاف نعرے بازی کی۔
شہیدی چوک، جموں میں واقع کانگریس کے پارٹی ہیڈ کوارٹر پر کانگریس لیڈران و کارکنان نے احتجاج درج کیا۔ احتجاج کر رہے کارکنان کے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھے جن پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو کم کرنے سے متعلق نعرے درج تھے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر رمن لال بھلہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ:’’مودی سرکار میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے بھارت اقتصادی طور پر کافی کمزور ہو چکا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: جموں ایئرپورٹ حملے میں آئی ای ڈی کا استعمال: جانچ افسران
انہوں نے کہا کہ بیشتر ریاستوں میں پیٹرول کی قیمت سو روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہے جس کا براہ راست اثر غریب عوام پر پڑتا ہے۔
احتجاج کر رہے کانگریس لیڈران و کارکنان نے مرکزی سرکار سے مہنگائی کو قابو کرنے اور پیٹرل و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔