جموں: جموں کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں کے بلوال علاقے میں پیر کو نیشنل کانفرنس کا جلسہ منعقد ہونے سے قبل پارٹی کارکنان میں کافی جوش و خروش دکھائی دیا۔ جموں کے دور دراز علاقوں سے پارٹی کارکنان اس جلسے میں شامل ہونے کے لئے بلوال، جموں پہنچنے جہاں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کارکنان سے خطاب کریں گے۔ جموں کے بجالتا، سدر، نگروٹہ علاقے سے کارکنان اس جلسے میں شامل ہو رہے ہیں جموں کی نگروٹہ اسمبلی نشست میں پچھلے دو اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کا امیدوار ہی کامیاب ہوتا تھا تاہم دویندر رینہ اب بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو چکے ہے۔
جلسے میں شامل پارٹی کارکنان پر امید ہیں کہ نیشنل کانفرنس پھر سے ایک بار نگروٹہ اسمبلی نشست پر جیت حاصل کرے گی۔ نیشنل کانفرنس کی ڈی ڈی سی مبر جموں ضلع، شمیمہ اختر نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نوجوان طبقہ کو اپنے ساتھ ملانے کی جد و جہد کر رہی ہے۔ انہوں نے یا د دلایا کہ ’’نیشنل کانفرنس ہی واحد ایسی سیاسی جماعت ہے جو لوگوں کے مسائل کے حل کی جانب سنجیدہ ہے اور تمام خطوں اور طبقہ جات کی یکساں ترقی کی ضامن ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد کشمیر میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی، عمر عبداللہ
انہوں نے مزید کہا کہ سیکولرازم اور ہم آہنگی میں یقین رکھنے والوں کے لئے نیشنل کانفرنس ہی واحد متبادل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ریاست اور اس کے تمام خطوں میں سماجی، معاشی اور سیاسی تبدیلی میں نوجوان طبقہ کو ہی اہم کردار ادا کرنا ہے۔ ریاست اس وقت انتہائی مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ لوگوں نے تمام تر امیدیں نیشنل کانفرنس سے وابستہ کر رکھی ہیں اس لئے پارٹی کے کارکنان پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے آگے آئیں۔