جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں ایک 19 سالہ نوجوان کو اپنے والد کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قتل کا ملزم مارچ میں لاپتہ ہو گیا تھا۔ ریاسی ضلع کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) امیت گپتا نے کہا کہ قتل کے سلسلے میں مقتول کے بیٹے سمیت تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پرمجیت سنگھ کو مبینہ طور پر اغوا کر کے ایک گھر لے جایا گیا جہاں اسے رسیوں سے باندھ کر گلا گھونٹ دیا گیا۔ اس کے بعد اس کے بیٹے اور اس کے ساتھیوں نے مار مار کر ہلاک کر دیا۔ اس کے بعد ملزم نے لاش کو 27 مارچ کو کار میں رکھا اور سرلا بھاگا گاؤں کے قریب ایک کھیت میں دفن کردیا۔ ایس ایس پی کے مطابق ریاسی کے ٹوٹے بھوماگ گاؤں کے رہنے والے پرمجیت سنگھ کی مسخ شدہ لاش کو ہفتہ کو مجسٹریٹ کی موجودگی میں گرفتار افراد کی ہدایت پر باہر نکالا گیا۔
مزید پڑھیں: نوجوان نے والدین، بہن اور دادی کا قتل کیا
واضح رہے کہ پرمجیت سنگھ کے بھائی دلیپ نے 30 مارچ کو ریاسی پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ پولیس نے پرمجیت سنگھ کے بیٹے وکاس ٹھاکر اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔ جس میں 28 سالہ سشیل چندرا اور 24 سالہ وپن کمار شامل ہیں۔ تاہم چوتھے ملزم سیتارام کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال جموں لے جایا گیا ہے۔