جموں و کشمیر کے سرمائی دارلحکومت جموں میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ کتوں کے کاٹنے کا گراف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں کے محکمہ اینٹی ریبیز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کتوں کے کاٹنے کے کیسز میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے اکثریت کو آوارہ کتوں نے کاٹا ہوتا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ سال رواں کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران ہسپتال میں کتوں کے کاٹنے کے 4 ہزار 6 سو 49 کیسز درج ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال گزشتہ کے دوران کتوں کے کاٹنے کے قریب گیارہ ہزار کیسز درج ہوئے تھے۔ لوگوں کا الزام ہے انتظامیہ کے پاس آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کے لئے کوئی پالیسی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا سڑک پر چلنے کے دوران کتے راہگیروں کو ہی نہیں موٹر سائیکل سواروں کو بھی نہیں بخشتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جموں میونسپل کارپوریشن نے پالتو کتوں کی رجسٹریشن کا عمل پہلے ہی شروع کیا ہے۔