موں و کشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں پولیس اور فوج نے ایک مشترکہ کارروائی میں ایک مسافر بس سے کم از کم 15 کلوگرام بارودی مواد بر آمد کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو افراد کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے۔ اگرچہ انکی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ انکا تعلق کشمیر وادی کے ساتھ ہے۔
پولیس نے بارودی مواد کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
یہ بس زیر نبمر JK02AU-7167 کٹھوعہ سے بلاور جارہی تھی ۔جموں شہر میں ایک مقامی سینما کے نزدیک ماڈل اکیڈمی نامی ادارے کے نزدیک اسے ٹریٹوریل آرمی کی ایک پارٹی نے روک لیا۔
بارودی مواد برآمد ہونے کے بعد پورے جموں شہر میں مختلف مقامات پر بارودی سرنگیں موجود ہونے کے بارے میں افواہیں گشت کرنے لگیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مزید کسی علاقے میں کوئی بارودی مواد برآمد نہیں ہوا ہے اور عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق کٹھوعہ علاقے میں حالیہ ایام کے دوران پاکستان کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی ہے جسکے بعد پورے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی گشت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کو اطلاعات ہیں کہ سرحدی علاقے میں ایک زیر زمیں سرنگ بنائی گئی ہے تاہم ابھی تک اس سرنگ کا پتہ نہیں لگایا جاسکا ہے۔