سی آئی سی 15 مئی کے بعد جموں وکشمیر میں شنوائی کرے گا - کارروائی میں آڈیو ویژول
لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمونے چیف انفارمیشن کمشنر بمل جلکا کے ساتھ بذریعہ ویڈیو کانفرنس سابق جموں وکشمیر انفارمیشن کمیشن میں التوا میں پڑی شکایات و اپیلوں کی منتقلی پر غور وخوض کیا۔
سی آئی سی 15 مئی کے بعد جموں وکشمیر میں شنوائی کرے گا
اس موقعہ پر انفارمیشن کمشنر کے علاوہ چیف سیکرٹری، سپیشل سیکرٹری جی اے ڈی، سیکرٹری محکمہ قانون بھی موجود تھے۔
تبادلہ خیال کے دوران بتایا گیا کہ سی آئی سی 15مئی کے بعد جموں وکشمیر سے درج ہونے والی شکایات اور اپیلوں کی شنوائی شروع کرے گا اور نیشنل انفارمیٹکس سینٹر جموں وکشمیر میں سی آئی سی کارروائی میں آڈیو ویژول تبادلہ خیال کی سہولیت فراہم کرے گا۔
تمام شکایات و اپیل کنندگان اس سلسلے میں مزید کارروائی کے لئے اپنے متعلقہ اضلاع میں قائم این آئی سی مراکز جانے کے لئے کہا گیا ہے۔
دوران میٹنگ سابق جموں وکشمیر انفارمیشن کمیشن سے التوا میں پڑی تمام شکایات و اپیلوں سمیت سارا ریکارڈ سی آئی سی نئی دلی منتقل کرنے پر بھی غور ہوا اور لیفٹیننٹ گورنر نے سی آئی سی کو یقین دلایا کہ تمام ریکارڈ ایک ہفتے کی مدت کے اندر سی آئی سی دفتر نئی دلی پہنچایا جائے گا۔
جموں کشمیر کے تمام سی پی آئی او ز کو مطلع کرنے کے علاوہ سی پی آئی اوز، پی آئی اوز اور فسٹ ایپلنٹ اتھارٹیز کو حق اطلاعات ایکٹ 2005 اور محکمہ پرسنل و ٹریننگ کی جانب سے مشتہر کئے گئے آر ٹی آئی رولز 2012 سے متعلق تمام جانکاری ویبنار کے ذریعہ فراہم کرنے پر بھی اس موقعہ پر زور دیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے سی آئی سی کو مطلع کیا کہ فی الوقت 243 عرضیاں اور شکایات جموں وکشمیر میں التوا میں پڑی ہیں جن کو نمٹانے کے لئے سی آئی سی منتقل کیا جائے گا۔
دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسروں کو اپنی ویب سائٹ اپ ڈیٹ کرنے اور آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت رضاکارانہ طور اطلاعات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کہا تاکہ آر ٹی آئی کے تحت عرضیاں داخل کرنے میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کے کام کاج میں شفافیت لائی جاسکے۔