وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ایک سانحہ پیش آیا جس سے علاقے میں افراتفری کا ماحول ہے۔
اطلاعات کے مطابق ضلع کی ہاؤسنگ کالونی اومپورہ میں واقع ایک نرسری میں گزشتہ دنوں تقریباً 10 تیندوے گھومتے نظر آئے جس کی شکایت مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے کی لیکن انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے ایک چار سالہ بچی کو اس کا خمیازہ اٹھانا پڑا۔
مقامی لوگوں کے مطابق مغرب کے بعد ایک چار سالہ بچی اپنے آنگن میں کھیل رہی تھی اور اچانک وہ غائب ہوگئی جس کے بعد علاقے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ اس تعلق سے بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ بچی کو تیندوے نے اپنا شکار بنا لیا۔
مقامی لوگوں کے مطالبے پر انتظامیہ نے نرسری میں تلاشی مہم شروع کی لیکن بچی کا پتہ نہیں چل سکا حالانکہ لوگوں کا کہنا ہے کہ نرسری میں خون کے نشان ملے ہیں۔
اس ضمن میں وائلڈ لائف وارڈن نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ یہ علاقہ ڈی ایف او بڈگام کی نگرانی میں آتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال وہ بچی کی تلاش میں ہیں اور آنے والے وقت میں وہ اس نرسری کو لے کر کچھ اقدامات کریں گے۔