جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں جمعرات کو جموں و کشمیر پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ نے پاکستان مقبوضہ کشمیر(پی او کے) کے ایک 14 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا۔
پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ لڑکے کی شناخت علی حیدر (14) ولد محمد شریف ساکنہ بندی عباسپور (پاکستان) کے طور پر ہوئی ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منیش شرما کی زیر قیادت ایس او جی کی ٹیم نے مزکورہ لڑکے کو گاؤں اجوت کے قریب بٹار نالہ کے قریب گرفتار کیا تھا۔
پولیس اہلکار نے کہا کہ لڑکے نے نادانستہ طور پر سرحد پار کیا ہے یا نہیں اس کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ عہدیدار نے مزید بتایا کہ لڑکا اس وقت ایس او جی پونچھ کی تحویل میں ہے اور تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرل نے اس معاملے کی تصدیق کی کہ لڑکے کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ دسمبر ماہ میں پونچھ کے میندھر کے بھارتی سرحدی علاقے میں دو لڑکیاں ملی تھی۔یہ دو بہنیں لائبہ زبیر( 17) اور ثناء زبیر(13) غلطی سے سرحد کرکے بھارت کے علاقے میں داخل ہوگئی تھی۔جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے انہیں حراست میں لے لیا۔بعد میں انہیں ان کے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔
پونچھ سیکٹر اور دیگر علاقوں میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے متواتر واقعات کے پیش نظر لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف اس طرح کے واقعات عام ہیں۔ ایل او سی کے قریب رہنے والے شہری اکثر نادانستہ طور پر بھارت یا پاکستان میں بھٹک جاتے ہیں اور انھیں متعلقہ عہدیداروں کے ذریعہ تفتیش کے بعد وطن واپس بھیج دیا جاتا ہے۔