ملک کی دیگر جگہوں کی طرح ہی جموں و کشمیر میں بھی ان بچوں کی ایک خاصی تعداد موجود ہے جو ہوٹلوں، کھیت کھلیانوں، فکٹریوں، ورکشاپس، گھروں، اینٹ کے بٹھوں وغیرہ کے کاموں میں جسمانی مشقت کر رہے ہیں۔
جس سے ان کے ذہن میں تعلیم حاصل کرنے کا احساس کم سے کم تر ہوتا جا رہا ہے۔ وہیں مزدوری کے زریعے ان کی نشوونما، تعلیم و تربیت، بچپن اور مسقبل کو تباہ کر دیا جاتا ہے۔
بچوں کی بہبودی پر کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم کا کہنا ہے کہ زیادہ تر بچوں کی زندگیاں یا تو یتیمی کی وجہ سے یا مالی بدحالی ،افراتفری یا تو گھریلو تنازعات سے تاریک بن جاتی ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق جموں و کشمیر میں لاکھوں کی تعداد میں مشقت کرنے والے بچے پائے جاتے ہیں اور متعلقہ محکمے کی بے حسی سے یہاں بچہ مزدوری میں آئے روز اضافہ ہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
لیبر محکمہ کی غیر سنجیدگی اس بات سے عیاں ہوجاتی ہے کہ جب ہمارے نمائندے نے محکمہ کے اعلی افسران سے آج کے دن کے حوالے سے بات کرنی چاہی تو انہوں نے دوسرے کاموں میں مصروف ہونے کا بہانہ بنا کر بات کرنے سے ہی انکار کیا۔
ایک تازہ سروے کے مطابق 14سال سے کم عمر کے بچے یا تو بس کنڈیکٹر ہیں یا تو یہاں ورکشاپس میں کام کر رہے ہیں۔ ان میں اکثر بچے یا تو یتیم ہیں یا غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے گھروں سے تعلق رکھتے ہیں۔
کچھ بچے ایسے بھی ہیں جو گھریلو تنازعات سے تنگ آ کر گھر چھوڑ کر سخت سے سخت کام کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
افراتفری کے پچھلے تیس سالہ دور میں وادی کشمیر میں بچے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اس لیے لگ بھگ ایک لاکھ کے قریب یہاں یتیم بچے ہیں جن کی عمر 15 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔
سنہ 2006 میں بچوں سے مزدوری نہ لینے کے خلاف اگرچہ قانون بھی پاس کیا گیا لیکن اس میں کافی خامیاں پائی جارہی ہیں جبکہ پولیس اور متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان تال میل کا فقدان بھی پایا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اس قانون کی کھلے عام دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ جن بچوں کے ہاتھوں میں کتاب اور قلم ہونا چاہیے تھا، ان کے ہاتھوں میں ایسے اوزار دیے جاتے ہیں جن سے ان کی صحت پر برا اثر پڑ رہا ہے۔
چائلڈ لیبر کے خلاف کام کرنے والی سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ کچھ غیر سرکاری تنظیموں کو چھوڑ کر اکثر کے بلند و بانگ دعوے اور وعدے زمینی سطح پر سراب ہی ثابت ہو رہے ہیں۔