جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں گذشتہ دیر شب پاندوشن علاقے میں فوج کو عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی مہم شروع کی۔
تلاشی کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں نے فوج پر فائرنگ کی جس کے بعد دونوں کے درمیان تصادم شروع ہوگیا۔
تادم تحریر اس تصادم میں دو عسکریت پسند اور ایک فوجی اہلکار کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔
ہلاک شدہ فوجی اہلکار کی شناخت سپاہی رنبیر کے طور پر ہوئی ہے جبکہ ایک اور سپاہی دیپک کے بازو میں گولی لگی ہے۔ زخمی فوجی اہلکار کو بادامی باغ کے 92 فوجی بیس کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس دوران حکام نے ضلع شوپیان میں انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کر دیا ہے۔