جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے سکمز میڈیکل کالج بمینہ کو خصوصی کووڈ اہسپتال میں تبدیل کئے جانے کے ساتھ ہی یہاں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے نے جس لگن اور محنت سے اپنے فرائض انجام دئیے وہ قابل ستائش ہے۔اہسپتال میں کروناوائرس کےصحتیاب ہونے کی شرح دیگر اہسپتالوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
ان باتوں کا اظہار سکمز میڈیکل کالج بمینہ کے پرنسپل ڈاکٹر ریاض احمد اونتو نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ ایک خاص ملاقات کے دوران کیا ۔
ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا کہ اہسپتال میں اب تک پانچ سو 78 مریضوں کو داخل کرایا گیا جن میں چار سو 70مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو رخصت ہوئے ہیں ۔
وہیں ایک سو 4 افراد زیر علاج ہیں جبکہ چار مریضوں کی موت واقع ہوئی جو کہ دیگر اہسپتالوں کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ اہسپتال میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 75فیصد سے زیادہ ہے جو کہ کافی حوصلہ افزا ہے ۔
بات چیت کے دوران ڈاکٹر ریاض احمد اونتو نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے زائد عرصے کے دوران کرونا سے متاثرین32حاملہ خواتین کا اہسپتال میں داخلہ بھی ہوا ہے جنہیں کامیابی کے ساتھ علاج ومعالجہ کی سہولیات بہم رکھی گئیں اور ان میں 16خواتین کے زچگی آپریشن بھی کامیابی کے ساتھ انجام دئیے گے۔
کوروناوائرس کی جانچ اور لیبارٹری قائم کئے جانے کے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر اونتو کا کہنا تھا کہ وائرس کی جانچ کے متعلق سرکار کی جانب سے تمام وسائل مہا کیے جانے سے ریکارڈ وقت میں لیب کا قیام عمل میں لایا گیا۔جس میں روزانہ بنیادوں پر 5سو ٹسٹ کرائے جاتے ہیں اور اب تک اس لیباریٹری میں 25ہزار ٹسٹ کرائے گئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سکمز میڈیکل بمنہ کے پرنسپل نے کہا کہ' اہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں اور دیگر نیم طبی عملہ نے تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوکر ایک ٹیم کے بطور کام کررہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اہسپتال میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح وادی کے دیگر اہسپتالوں میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح سے کافی بہتر ہے۔'
انہوں نے کہا کوروناوائرس کے مریضوں کو علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی حفاظت اور صحت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ان کے لیے حفاظتی سازو سامان جیسے پی پی ای کٹ ۔سینٹائز،ماسک اور دیگر ضروری چیزوں کا خاص خیال رکھا جارہا ہے جس کے نتیجے میں اہسپتال عملے میں کروناوائرس کا انفیکشن نا کے برابر ہے۔
لاک ڈاؤن میں حکومت کی جانب سے دی گئی رعایت کے بعد کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کو ایک خطرناک صورتحال قرار دیتے ڈاکٹر ریاض اونتو نے کہا کہ لوگوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کروناوائرس کسی شخص کو متاثر کرنے سے پہلے اجازت طلب نہیں کرتا ۔لہذا عوام کو چائیے وہ اس وائرس سے بچنے اور اس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے حوالے سے انتہائی احتیاط سے کام لیں اور حکومت کی جانب سے وقت وقت پرجاری کئے جانے والے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کریں۔
واضح رہے سکمز میڈیکل کالج بمنہ کے پرنسپل ڈاکٹر ریاض احمد اونتو کو جموں وکشمیر انتظامیہ میں کووڈ 19 پروٹوکالز کے لیے قائم اعلی سطحی مشاورتی کمیٹی کا ممبر بھی نامزد کیا ہے۔