پلوامہ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر میں جہاں کل سے بارش کا سلسلہ جاری ہے وہیں آج بعد دوپہر ضلع پلوامہ کے رومشی نالے میں پانی کی سطح میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے کو ملا۔ اس کی وجہ سے پلوامہ او اس کے آس پاس کے علاقوں میں سیلاب کی صورت حال ہے۔ کئی علاقوں میں پانی باغات میں داخل ہو گیا ہے۔
ضلع پلوامہ کو ضلع بڈگام سے ملانے والا عارضی پل بھی زیر آب آگیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پل کو نقصان پہنچ گیا ہوگا جب کہ رہمو علاقے کا ہیڈ کوارٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ رومشی نالے میں اچانک پانی کی سطح بڑھ جانے سے کچھ مویشی نالے میں پھنس گئے جن کو نکالنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جب کہ مقامی لوگوں نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ان ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔
اس ضمن میں محمد اکبر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سبھی لوگ کام کاج میں مصروف تھے اور اچانک سے رومشی نالے نے سیلابی صورتحال اختیار کی جس سے پانی باغات اور دیگر زرعی زمین میں داخل ہوا جب کہ عارضی پل کو بھی نقصان پہنچانے کا اندیشہ لگایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Alternaria And Ecrotice Leaf Blotch موسمیاتی تبدیلی کے سبب سیب کے باغات میں پتے پیلے رنگ میں تبدیل
وہیں پولیس نے رومشی نالے کے گرد نوا میں رہنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رو مشی نالے سے دوری اختیار کریں اور اپنی جانوں کی حفاظت کریں جب کہ پولیس نے افسران کے فون نمبرات بھی لوگوں کے لیے جاری کیے ہیں تاکہ کسی بھی امکانی صورتحال میں وہ ان نمبرات پر رابطہ کر کے پولیس سے مدد طلب کر سکیں۔