محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق برف وباراں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہتے ہوئے وادی کشمیر بدھ کی صبح برف کی مہین چادر میں ایک بار پھر لپٹی ہوئی پائی گئی تاہم بعد ازاں میدانی وبالائی علاقوں میں موسم دن بھر مجموعی طور پر خشک رہا اور آفتاب بھی کئی بار بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں 30 جنوری سے 3 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم ماہ رواں کے آخری دن یعنی جمعہ کے روز وادی میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر ۔ جموں قومی شاہراہ پر بدھ کے روز بھی مسلسل دوسرے روز ٹریفک کی نقل وحمل متاثر رہی۔
ذرائع کے مطابق شاہراہ کو قابل آمد رفت بنانے کے لئے کام شد ومد سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ قابل عبور و مرور ہونے کے بعد پہلے درماندہ گاڑیوں کو ہی اپنی اپنی منزلوں کی طرف چلنے کی اجازت ہوگی۔
وادی میں بدھ کے روز ریل سروس بانہال کے بجائے اننت ناگ تک ہی محدود رہی تاہم وادی میں باقی ماندہ ریل سروسز حسب معمول جاری وساری رہی۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ وادی کی سڑکوں پر تازہ برف وباراں سے ایک بار پھر پانی جمع ہوا ہے جس سے لوگوں کے عبور و مرور میں مشکلات در پیش ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری برقرار و بحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری ضلع کرگل اور لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 21.9 اور منفی 12.7 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا جبکہ قصبہ دارس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔