وادیٔ کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شبانہ درجۂ حرارت میں مسلسل گراوٹ آنے سے سردی کی شدت میں آئے روز اضافہ درج ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادیٔ کشمیر میں رواں ہفتے کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ مطلع صاف رہنے کی وجہ سے شبانہ درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر رہا ہے جو سردی کی شدت میں اضافے کا باعث بن جاتا ہے۔
دریں اثنا وادیٔ کشمیر میں منگل کی صبح سے ہی دھوپ کھلی رہی، اگرچہ دھوپ کمزور ہی تھی۔ تاہم لوگوں کو شبانہ سردی کی شدت سے قدر راحت نصیب ہوئی۔
وادی میں شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ ایک بار پھر سرد ترین مقام رہا جہاں گزشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارالحکومت سرینگر میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کوکر ناگ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 10.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 13.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 18.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔