دریں اثناء لاپتہ ہونے والے ڈاکٹر راجا ندیم کے اہل خانہ بالخصوص ماں اور بہنوں نے انہیں گھر واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔
ذرائع کے مطابق کولگام سے تعلق رکھنے والا ویٹرنری ڈاکٹر راجا ندیم پراسرار طور پر لاپتہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجا ندیم کے عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
تاہم جموں وکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان کے بارے میں پتہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کی گئی ہے۔ادھر موصوف کی والدہ نے اپنے بیٹے کو گھر لوٹنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے ایک ویڈیو بیان جس میں ان کے ساتھ دو بیٹیاں اور ایک بیٹا بھی بیٹھے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں، میں کہا: 'میرا بیٹا جس کے پاس بھی ہے وہ اس کو واپس گھر بھیج دیں اگرندیم صاحب خود بھی یہ ویڈیو دیکھ رہے ہوں گے اس کو کہیں کہ اس مجبور ماں اور بہنوں کو کس کے بھروسے پر چھوڑرہے ہو'۔موصوف والدہ ویڈیو میں روتے ہوئے کہتی ہیں: 'وہ میرے بڑھاپے کا سہارا ہے، میں دل کے عارضے میں مبتلا ہوں، مجھے ڈاکٹر کے پاس کون لے جائے گا اس کی ان بہنوں اور چھوٹے بھائی کی کفالت کون کرے گا'۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں رواں دہائی کے دوران پڑھے لکھے نوجوان کی طرف سے بندوقیں اٹھانے کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا۔ تاہم سکیورٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ ایک دو برسوں کے دوران مقامی نوجوانوں کی عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت کے رجحان میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔