اطلاعات کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے ترال کے دیور علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ عسکریت پسندوں نے خود کو سیکورٹی اہلکاروں کے گھیرے میں پا کر فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں تینوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔
اس آپریشن میں راشٹریہ رائفلز، اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے حصہ لیا تھا۔
پولیس کے مطابق مسلح تصادم کی جگہ سے تین لاشوں کو برامد کیا گیا ہے۔ ہلاک شدہ عسکریت پسندوں کی شناخت درمبل ترال کے رہنے والے جہانگیر احمد، لورگام کے عمر مقبول اور وانگہامہ بجبہاڑہ کے سعادت فاروق کے طور پر ہوئی ہے۔مسلح تصادم کے مقام سے ہتھیار اور گولہ بارود برامد کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ تصادم رات کے ایک بجے اسوقت ہوا جب عسکریت پسند اپنی کمین گاہ تبدیل کرنے کے دوران اس علاقے سے گزر رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پہلے ہی گھات لگائی تھی اور جونہی عسکریت پسند نرغے میں آئے تو ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق عمر مقبول شدت پسند تنظیم انصار غزوۃ الہند جبکہ جہانگیر احمد اور عزیز امین شدت پسند تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ تھے لیکن سرکاری طور پر ابھی تک اس کی تصدیق ہونا باقی ہے۔