جسمانی طور سے معذور رمیش سبرمنیہ نائڈو کو آل انڈیا کرکٹ ایسوسی ایشن نے 2 جولائی سے 13 اگست تک انگلینڈ میں کھیلے جانے والے پہلے عالمی کپ میں بھارت کی نمائندگی کر نے والی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
قدرت نے بھلے ہی رمیش کو پیدائشی طور پر پیر کی انگلیوں سےمحروم رکھا ہو، لیکن رمیش نے کبھی بھی اپنی اس معذوری کو اپنے مقصد کی حصولیابی کے بیچ حائل ہونے نہیں دیا۔
عالمی کپ میں بہتر کر گزرنے کا خواب
ای۔ٹی۔وی بھارت سے بات کر تے ہو ئے رمیش کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی معذوری کو لیکر کوئی ملال نہیں ہے، انکا خواب ہےکہ وہ عالمی کپ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
دونوں ہاتھوں اور پیروں میں انگلیاں اور انگوٹھے نہیں ہونے کے باوجود رمیش ہر گیند کو لپک کر پکڑنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔
پنجے اور انگلیوں سے محروم رمیش لیگ اسپنر ہیں، وہ بلے بازی میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔
بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی کی فہرست میں اپنا نام درج کرا نے کے لیے رمیش نے کافی پسینہ بہایا ہے۔
رمیش کا اب تک کا بہترین ریکارڈ ایک میچ میں 78 رنز اور 5 وکٹ حاصل کرنا رہا ہے۔
تمل ناڈو کے اس معذور کھلاڑی کے جذبے کو ہر کوئی سلام کر رہا ہے۔
کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی اول
رمیش نے صرف کرکٹ کے ہی میدان میں نام نہیں کمایا، وہ تعلیمی میدان میں بھی اول نظر آتے ہیں۔
انہوں نے انٹر میں 95 فیصد نمبرات حاصل کیے، جبکہ آئی۔آئی۔ٹی جیسے مشکل امتحان میں پورے ملک میں 41 واں مقام حاصل کیا تھا۔ فی الحال وہ ایم۔ٹیک بھی کر رہے ہیں۔