قومی دارالحکومت دہلی میں کانگریس رہنما رہے احمد پٹیل کے صاحبزادے فیصل پٹیل نے گذشتہ روز دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال سے ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات کے بعد قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں کہ کیا فیصل پٹیل عام آدمی پارٹی میں شامل ہوں گے جس کی فیصل نے خود ٹوئٹ کرکے جانکاری دی ہے۔
انہوں نے دہلی کے وزیراعلیٰ کیجروال کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی ہے۔
ایسا مانا جارہا ہے کہ عام آدمی پارٹی گجرات میں ایک قابل اعتماد مضبوط چہرے کی تلاش میں ہے اور قیاس لگایا جارہا ہے کہ پارٹی کے لیے فیصل پٹیل ایک بہتر چہرہ ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ فیصل پٹیل نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال سے ملنے پر فخر محسوس کررہا ہوں۔
انہوں نے کیجریوال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں دہلی کا باشندہ ہونے کے ناطے ان کی قیادت و صلاحیت کا مداح ہوں۔
انسانیت پر آرٹیفیشیل انٹلی جینس کا اثر اور ملک میں موجودہ سیاسی ایشوز پر رتبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ سورت میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں شاندار مظاہرے کے بعد وزیراعلیٰ اردوند کیجریوال گجرات کے انتخابات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس وجہ سے فیصل اور اروند کیجریوال کی ملاقات پر سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔
فیصل پٹیل کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے والد کے انتقال کے بعد پارٹی کے ذریعہ انہیں کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی ہے۔
اپنے والد کے سیاست میں بے حد سرگرم رہنے کے باوجود فیصل سیاست میں زیادہ سرگرم نہیں تھے لیکن اب وہ سیاست میں پیر جمانا چاہتے ہیں۔
ایسا بھی خیال کیا جارہا ہے کہ فیصل پٹیل سنہ 2024 کے پارلیمانی انتخابات کی تیاری شروع کرسکتے ہیں۔
گجرات اسمبلی انتحابات اگلے سال ہی ہونے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے گجرات میونسپل کارپوریشن میں 27 سیٹیں حاصل کی تھیں تو کیجروال نے کہا تھا کہ گجرات کی عوام نے سیاست کے لیے ووٹ دیا ہے۔
عام آدمی پارٹی کی گجرات میں نوجوان اور با صلاحیت قابل اعتماد چہرے کی ضرورت ہے۔ گجرات میں پارٹی کی قیادت کرنے کے لیے ہاردک پٹیل سمیت کئی لیڈروں پر پارٹی کی نظر ہے۔ ابھی کسی نتیجہ پر پہنچنا جلد بازی ہوگا۔
اس میٹنگ کے بارے میں ‘آپ‘ کی طرف سے کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے لیکن فیصل سے کیجریوال کی ملاقات کے بعد ان کے عام آدمی پارٹی میں جانے کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔