بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ اور اسمرتی ایرانی کے لوک سبھا انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد یہ سیٹیں خالی ہو گئی ہیں۔
اس موقع پر کانگریس کے رکن اسمبلی الپیش ٹھاکر نے بی جے پی کے امیدوار کو ووٹ دیا اور اس کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس سے ایک بار پھر گجرات کی سیاست میں ہلچل مچ گئی۔
گجرات کی راجیہ سبھا سیٹوں کے انتخابات کے لیے اب تک 90 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے۔
گجرات راجیہ سبھا سیٹ کے لیے بی جے پی نے سابق مرکزی وزیر ایس جے شنکر اور جگل جی ٹھاکر کو امیدوار بنایا ہے اور کانگریس کی جانب سے چندریکا بین چوڑاسما اور گورو پنڈیا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
اس الیکشن میں الپیش ٹھاکر، دھول سنگھ جھالا اور بھرت ٹھاکر نے کانگریس کے امیدوار کو ووٹ دینے کے بجائے بی جے پی کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دیا۔
الپیش ٹھاکر نے میڈیا کو بتایا کہ 'راہل گاندھی پر اعتماد کرکے میں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن افسوس کی بات ہے کہ انہوں نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا۔'
انہوں نے کہا کہ 'یہ پارٹی عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔ ہمیں ہر بار بے عزت کیا گیا جس کے سبب میں نے رکن اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور کانگریس پارٹی چھوڑ دیا۔'
انہوں نے کہا کہ 'میں نے اپنے دل کی آواز سن کر اور قومی قیادت کو مدنظر رکھ کر ووٹ دیا ہے۔'