اسمارٹ سٹی ہونے کے باوجود احمدآباد کے سرخیز علاقے کی عوام اب تک بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ یہاں اب تک روڈ راستے، پانی اور ڈرینیج کی سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہے۔
ایسے میں رواں برس گجرات میں شدید بارش کے بعد سرخیز کی عوام کو مزید زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس تعلق سے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے علاقے کی عوام سے بات کر کے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی۔
مقامی افراد کے مطابق یہاں ہر برس بارش کا پانی بھر جاتا ہے اور اس برس زیادہ بارش کے سبب کچی سڑک بہہ گئی اور کئی مکانات پانی ڈوب گئے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں ٹی پی روڈ بناے کے منصوبے کو منظوری ملنے کے باوجود اب تک سڑک نہیں بنائی گئی۔ کچے راستے بارش میں گڑھوں میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔ حتی کہ پیدل چلنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جانب متعدد مرتبہ حکومت اور کارپوریشن کی توجہ دلانے کی کوشش کی گئی لیکن اس کے باوجود اب تک یہاں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔
اس سلسلے میں جب ہم نے سرخیز وارڈ کی کاؤنسلر نفیسہ انصاری سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہم نے پانی ڈرینیج اور گڑھوں کے سلسلے میں کئی مرتبہ احمدآباد میونسپل کارپوریشن میں درخواست کی ہے لیکن ابھی تک کسی بھی قسم کی کوئی کروائی ہوئی ہے۔
نفیسہ انصاری نے کہا کہ مسلم اکثریتی علاقہ ہونے کی وجہ سے حکومت نے اب تک یہاں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی ہیں جس کے سبب یہاں کے لوگوں کو ہر دن پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے