گاندربل (جموں کشمیر) : سیاحوں کی آمد میں اضافے کے بعد جموں و کشمیر انتظامیہ پہلی مرتبہ گاندربل ضلع کے سونہ مرگ علاقے میں آئس سکیٹنگ شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ سونمرگ موسم سرما اور نئے سال کی تقریبات کے دوران بھی سیاحوں کے لیے کھلا رہے گا۔ نہ صرف سیاحتی سرگرمیاں بلکہ سرمائی کھیلوں پر بھی غور کرنے کے انتظامیہ کے فیصلے سے مقامی لوگوں میں کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، الیاس حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں اس سال پہلی بار آئس سکیٹنگ شروع کی گئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ دلفریب سیاحتی مقام پر آئس سکیٹنگ کا انعقاد زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو اس جگہ کی طرف راغب کرے گا جو نہ صرف مقامی لوگوں کے باعث افتخار ہوگا بلکہ یو ٹی کی مجموعی معیشت کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔
پرویز احمد نامی ایک مقامی نوجوان نے ای ٹی وی باھرت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایسی سہولیات سونہ مرگ میں میسر نہیں تھی، تاہم اب اس نئے اور ترقی یافتہ دور میں اس طرح کی سرگرمیوں سے نہ صرف مقامی ٹیلنٹ کو ایک بہتر پلیٹ فارم مہیا ہوگا بلکہ سیاحت سے جڑے افراد کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا: ’’یہ فخر کی بات ہے کہ سونمرگ پہلی بار سردیوں میں بھی کھلا رہے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ نئے کھیل، نئی مہارتیں سیکھیں اور کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ بھی دکھائیں۔
مزید پڑھیں: کشمیر میں چلہ کلاں میں بھی سیاحوں کا رش
غور طلب ہے کہ نومبر کے آخری دنوں میں ہی سیاحتی مقام سونہ مرگ کو منفی درجہ حرارت کی وجہ سے بند کر دیا جاتا تھا۔ عام طور پر سرما کے دوران صرف گلمرگ ہی سیاحوں کی پسند ہوا کرتی تھی جبکہ بقیہ سیاحتی مقامات پر سیاحتی سرگرمیاں نا کے بربار ہی ہوا کرتی تھی، تاہم اب انتظامیہ کی جانب سے پہلگام اور سونہ مرگ سمیت دیگر سیاحتی مقامات کو بھی سرما کے دوران کھلا رکھنے اور سرمائی کھیلوں کے لئے تیار کیا جا رہا ہے، اور اس ضمن میں بنیادی ڈھانچے کو بھی مضبوط بنائے جانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔